ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سگریٹ کی کھلی فروخت پر پابندی عائد

سگریٹ کی کھلی فروخت پر پابندی عائد

Fri, 29 Sep 2017 23:21:28    S.O. News Service

بنگلورو،29؍ستمبر(ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر سخت پابندی لاگو کئے جانے اور ساتھ ہی بیڑی اور تمباکو کے استعمال پر امتناع کے باوجود اس کے استعمال میں کسی طرح کی رکاوٹ نہ آنے کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے پہل کی ہے کہ ان پابندیوں کو موثر طور پر نافذ کرنے کی غرض سے سگریٹوں کی کھلی فروخت ممنوع قرار دی جائے ۔ اس وجہ سے سگریٹ کے خریداروں کو زیادہ قیمت دے کر پاکٹ خریدنی پڑے گی، جس کی وجہ سے بہت سارے لوگ خریدنے سے گریز کریں گے۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ریاستی حکومت نے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی اور تمباکو نوشی پر پابندی عائد کی تھی، اس پابندی کا اثر بھی کافی حد تک دیکھنے کو ملا اور عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی کو کچھ حد تک قابو میں کیاگیا۔ لیکن تمبا کو سے تیار ہونے والی اشیاء اور سگریٹ کی کھلی فروخت کی وجہ سے بعض مقامات پر اس پابندی کو موثر طور پر لاگو نہیں کیاجاسکا۔عوام کی صحت کا خیال رکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے اب طے کیاہے کہ سگریٹ کی فروخت صرف بند پیاکیٹ کے ذریعہ ہی ہوگی کسی بھی حال میں کھلے سگریٹ کی فروخت غیر قانونی تسلیم کی جائے گی۔ ریاستی حکومت کے تازہ فرمان کے مطابق انسداد تمباکو استعمال قانون 2003 کی دفعات کے مطابق کھلے سگریٹ فروخت کرنے اور خریدنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گنجائش رہے گی اور ان پر جرمانہ اور قید ہوسکتی ہے۔ 


Share: